ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹیکس ادا کرکے عوام شہر کی ترقی میں شامل ہوں : سدرامیا

ٹیکس ادا کرکے عوام شہر کی ترقی میں شامل ہوں : سدرامیا

Wed, 31 May 2017 10:55:34    S.O. News Service

بنگلورو،30؍مئی(ایس او نیوز) شہر کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ریاستی حکومت کی پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ شہریوں نے اگر بی بی ایم پی کو بروقت ٹیکس ادا کیا تو اس سے شہر کی ترقی کی رفتار کو اور آگے بڑھایا جاسکتاہے۔ آج شہر کے راجہ جی نگر میں بی بی ایم پی کی طرف سے تعمیر شدہ ڈاکٹر راجکمار روڈ کے وویکانند کالج کے قریب تعمیر شدہ انڈر پاس کا افتتاح کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ بارش کے پانی کو یکجا کرنے ، گندگی کی نکاسی کرنے اور بروقت ٹیکس اداکرنے کے ذریعہ شہر بنگلور کی ترقی میں حکومت اور بی بی ایم پی کا ساتھ دے سکتے ہیں۔عوام کے اسی تعاون کی بدولت بنگلور کی شان وشوکت بحال کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور میں 20لاکھ مکانات اثاثہ ٹیکس بی بی ایم پی کو ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی نے پیشگی ٹیکس کی ادائیگی کیلئے آج تک پانچ فیصد رقم کی رعایت دی تھی، اس رعایت کی مدت میں مزید پندرہ دن کی توسیع کی گئی ہے، عوام اس مہلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا اثاثہ ٹیکس ادا کردیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور سے اثاثہ ٹیکس محض دو ہزار کروڑ وصول ہوتا ہے ،جبکہ شہر کی ترقی کیلئے دس ہزار کروڑ روپیوں کا بجٹ مرتب کیاگیا ہے۔ باقی آٹھ ہزار کروڑ روپے ریاستی حکومت دے گی۔ اسی لئے شہریان بنگلور شہر کی ترقی کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور کو عالمی سطح پر شہر گلستان ہونے کا امتیاز حاصل ہے۔ اس شہر کو حاصل یہ مقام برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور میں گندگی کی نکاسی کے نظام کو مستحکم کرنے کیلئے سات مقامات پر گندگی کی پروسیسنگ کیلئے یونٹیں شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور میں پینے کے پانی ، سڑک اور ڈرینج کے بہتر انتظام کیلئے حکومت پابند ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی ترقی کیلئے حکومت اگر کچھ کرنا چاہتی ہے تو اپوزیشن پارٹیاں غیر ضروری تنقیدیں کرتی ہیں، تنقید برائے تعمیر کا وہ ہمیشہ خیر مقدم کریں گے، لیکن سیاسی تنقیدوں کی وجہ ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں اسٹیل برڈج کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیاتو اپوزیشن پارٹیوں نے یہ الزام لگادیا کہ 65کروڑ روپے سدرامیا کے گھر پہنچ چکے ہیں۔ اس طرح کے بیہودہ الزامات کی وجہ سے اس پراجکٹ کو منسوخ کرنا پڑا۔ اس موقع پر میئر پدماوتی نے کہاکہ شہر کی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ نے نگروتھانہ پراجکٹ کے تحت 7300 کروڑ روپے مہیا کرائے ہیں۔ کسی وزیر اعلیٰ نے اب تک اتنی رقم نہیں دی ہے۔انہوں نے کہاکہ وویکا نندا روڈ سے روزانہ 15ہزار سے زائد گاڑیاں گزرتی ہیں، انڈر پاس کی تعمیر سے یہاں کے ٹریفک نظام کو سہل کیاجاسکتاہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اس انڈر پاس کا نام میجر نرنجن کمار سے منسوب کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ رکن اسمبلی گوپالیہ نے کہاکہ راجہ جی نگر میں راجکمار انڈور اسٹیڈیم دو ہفتوں میں عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔تقریب میں ملیشورم کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سی ایس اشوتھ نارائن ، بی بی ایم پی ڈپٹی میئر آنند ، کمشنر منجوناتھ پرساد ، مقامی کارپوریٹر بھدرے گوڈا وغیرہ موجود تھے۔


Share: